About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

A seminar was organized in Video Conference Room, KGF Auditorium, IUB on the occasion of the month of Rabi-ul-Awwal

پی آر او نمبر 354/24 مؤرخہ 27.09.24
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور
بہاولپور (پ ر) ماہ پر نور ربیع الأول میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ سیرت النبیﷺ کی اہمیت اجاگر کرنا، بلاشبہ دنیا وآخرت کی کامیابی سیرت النبیﷺ کی اتباع میں مضمر ہے۔اس سلسلے میں آئی یو بی قرات و نعت سوسائٹی، ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افئیرز، دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور کے زیر اہتمام خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم کے ویڈیو کانفرس ہال، بغداد الجدید کیمپس، دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور میں پروفیسر ڈاکٹر عبد الرؤف، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کی زیرسرپرستی سیمینار بعنوان: سیرت النبیﷺ کی اہمیت وتقاضے کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈاکٹر عدنان بخاری، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز نیکی۔ مہمان مقرر ڈاکٹر زاہد حسن، استاذ سابق گورنمنٹ ایس سی کالج بہاولپور تھے۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر آصف ندیم ایڈوائزر آئی یو بی ڈیبیٹنگ سوسائٹی اور مہمانان اعزاز ڈاکٹر سرفراز بتول ایڈوائزر گرلز گائیڈ سوسائٹی اور ڈاکٹر سجیلہ کوثر چیئرپرسن شعبہ تقابل ادیان، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمن چیئرمین شعبہ علوم القرآن اور ڈاکٹر محمد عمران چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ نے شرکت کی۔ خطبہ استقبالیہ ڈاکٹر شبانہ نذر، ایڈوائزر آئی یو بی قرأت ونعت سوسائٹی نے پیش کیا۔ ماہ مبارک کی اہمیت و فضیلت بیان کرتے ہوے فرمایا: ماہ ربیع الأول وہ بابرکت و پرنور مہینہ ہے جس میں خالق کائنات نے سرکار دو عالم، محسن انسانیت، پیغمبر آخر الزمان، رسول خداﷺ کو رحمت للعالمین بناکر بھیجا۔ آپﷺ نے اپنے اخلاق مطھرۃ و سیرت طیبہ سے پستی میں گری ہوئی انسانیت کو اخلاق و شرافت، وقار وعظمت اور سنت وشریعت کے زیور سے مزین کردیا۔ دنیا و آخرت کی فلاح و کامیابی اللہ تبارک وتعالی اور اس کے رسول اعظم کی اطاعت میں مضمر ہے۔ فرمان ہے، اے رسول مسلمانوں سے کہہ دیجئے اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری اتباع کرو اللہ تمہیں اپنا محبوب بنا لے گا اور تمہارے گناہوں کو بخش دے گا۔ لہذا انسان کی حقیقی کامیابی اللہ کے احکام کے پورا کرنے اور خاتم النبیینﷺ کی اتباع میں ہے۔مہمان مقرر ڈاکٹر سید زاہد حسن نے سیرت النبی کی اہمیت وتقاضے پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا،  سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت اس کی جامع ہدایت اور اخلاقی تعلیمات میں ہے، جو مسلمانوں کو اپنی زندگیوں میں درست رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ نبی کریم ﷺکی سیرت ہمیں صبر، محبت، اور عفو و درگزر کے اعلیٰ نمونے دکھاتی ہے، جس سے ہم اپنے ایمان کو مضبوط کرسکتے ہیں۔ یہ علم نہ صرف ثواب کا ذریعہ ہے بلکہ دل میں محبت اور ایمان کی گہرائی بھی بڑھاتا ہے۔ سیرت کا مطالعہ ہمیں مختلف مسائل کا حل پیش کرتا ہے اور ایک بہتر معاشرتی زندگی کی بنیاد فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے ہم اپنے دین کی حقیقی شناخت حاصل کر سکتے ہیں۔ سیرت النبیﷺ کا مطالعہ ہمیں نبی  کریم ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں، جیسا کہ ان کے بچپن، جوانی، نبوت اور معاشرتی و سیاسی سرگرمیوں کی تفصیل فراہم کرتا ہے، جو ہمیں ایک مکمل تصویر پیش کرتا ہے۔ یہ سیرت ہمیں نبی کریم ﷺ کے اعلیٰ اخلاق، جیسے سچائی، انصاف، اور رحم دلی، کے نمونے فراہم کرتی ہے، جن کی روشنی میں ہم اپنے کردار کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ نبیﷺ کی تعلیمات کے ذریعے ہم دین کے بنیادی اصولوں کو سمجھتے ہیں، جو ہمارے ایمان کو مضبوط کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، سیرت کا مطالعہ ہمیں معاشرتی مسائل کا حل پیش کرتا ہے اور ایک مہذب، انصاف پسند معاشرہ تشکیل دینے میں مدد دیتا ہے۔ اس طرح سیرت کا علم نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی ترقی کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔ہماری زندگی اور معاشرے میں بہت سارے مسائل اور بہت سارے فرقے ہیں ان کی جڑ کٹ جائے اگر ہم یہ دیکھیں کہ قران کیا کہتا ہے۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا فرمایا ہے اگر ہم اسے اس کے بنیادی ماخذ میں دیکھیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کی روشنی میں تمام مسلمان اپنی زندگی کے تمام مسائل حل کر سکتے ہیں۔ ایک عام آدمی سے لے کر عالم دین تک چاہے حکمران ہوں یا رعایا ہوں یا سپہ سالار ہوں یا عدالت کے جج ہوں تمام سیرت النبیﷺ سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اللہ تبارک و تعالی نے اپنی محبت کے حصول کے لیے آپ کی سیرت طیبہ کی پیروی کو لازم قرار دیا۔ آپ کی سیرت طیبہ کی اطاعت کو اپنی اطاعت قرار دیا۔ ڈاکٹر صاحب نے آیات بینات اور احادیث نبویہﷺ کی روشنی میں سیرت النبی کے تقاضوں پر سیر حاصل درس دیا اور معجزات النبی پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر مجلس ڈاکٹر محمد عدنان بخاری، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس سوسائٹیز  نے ماہ ربیع الأول کی برکات کے بارے میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریمﷺ  کے تذکرے میں اورآپﷺ کی مدح میں جتنی ساعتیں گزریں وہ ھمارے لئے سعادت اور آخرت میں نجات کا ذریعہ ہیں۔ نبی کریمﷺ کا ذکر مبارک انسان کی عظیم ترین سعادت ہے اور اس روئے زمین پر کسی بھی ہستی کا تذکرہ اتنا باعث اجر و ثواب اتنا باعث خیر و برکت نہیں ہوسکتا جتنا سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفی ﷺ کا تذکرہ ہوسکتا ہے۔ آپ نے آئی یو بی قرات ونعت سوسائٹی کے تمام ذمہ داران  کو کامیاب سیمینار  کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز طلباء وطالبات میں محبت رسول ﷺ کو پروان چڑھانے میں اس قسم کی دینی وادبی سرگرمیوں کی سرپرستی کرتا رہے گا۔ آپ نے یونیورسٹی انتظامیہ، منتظمین آڈیٹوریم کا شکریہ ادا کیا۔ خاص طور پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کی سرپرستی کو سراہا اور مہمان مقرر کا خصوصی شکریہ ادا فرمایا۔آئی یو بی قرات اینڈ نعت سوسائٹی کے ایڈوائزری بورڈ سے ڈاکٹر عبد الرحمن رضوی نے نظامت کے اور ڈاکٹر محمد زاھد محمود نے منظم کے فرائض سرانجام دئیے۔اس بابرکت سیمینار میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے مختلف شعبہ جات سے نہ صرف طلبا وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بلکہ  صدور شعبہ اور فیکلٹی ممبران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

 

WhatsApp Image 2024-09-27 at 12.48.41 PM (2)WhatsApp Image 2024-09-27 at 12.48.41 PM (3)

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.