About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

International Women's Day 2023 was celebrated at Baghdad-ul-Jadeed Campus, IUB

پی آر او نمبر 99/23
مورخہ 08.03.2023

ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پاکستان کی صفِ اول کی یونیورسٹیوں میں شامل ہے جو انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر کی بصیرت اور دانش کی روشنی میں ترقی کی جانب گامزن ہے۔ اسی تناظر میں شعبہ ایجوکیشن میں عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ایک پروقار سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس سیمینار اور واک کا اہتمام شعبہ ایجوکیشن کے ڈین/چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر ارشاد حسین کی زیر صدارت بی ایس ایجوکیشن چھٹے سمسٹر کے طلباء وطالبات نے اپنی انسٹرکٹر برائے "ہیومین رائٹس" ڈاکٹر سیدہ تہمینہ بخاری کی زیر نگرانی کیا۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد ملازمت پیشہ خواتین اساتذہ کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ اس موقع پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ ہماری نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے جو کہ اپنے ملک پاکستان کی ترقی میں قائد اعظم اور علامہ اقبال کا "خوشحال پاکستان" کا خواب پورا کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ارشاد حسین ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں خواتین زندگی کے ہر میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ عصرِ حاضر کی خواتین ڈاکٹر بھی بن رہی ہیں۔ وکیل ، استاد اور انجینئر بن رہی ہیں۔ خواتین کے وجود کی یہی تو خوبصورتی ہے کہ اللہ پاک نے خواتین کو جو مقام اور ذمہ داری عطا فرمائی وہ بخوبی سرانجام دے رہی ہیں۔ سیمینار آرگنائزر ڈاکٹر سیدہ تہمینہ بخاری نے اس تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روئے زمین پر نوعِ انسانی کی بقاء کا سفر تنہا کسی ایک صنف کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ لہٰذا خواتین کی اہمیت سے انکار کا کوئی جواز ہی نہیں ۔ واک کوآرڈینیٹر ڈاکٹر صبیحہ اقبال نے کہا کہ عورت ہر روپ اور ہر رشتہ میں عزت ووقار کی علامت ہے۔ اس موقع پر شعبہ ایجوکیشن کے طلباء وطالبات نے اپنی ملازمت پیشہ خواتین اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقاریر کا اہتمام کیا اور انہیں بیجز بھی پیش کئے۔ تقریب کے اختتامی کلمات میں پروفیسر ڈاکٹر ارشاد حسین نے تمام فیکلٹی ممبران، طلباء وطالبات کی اس کاوش کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے سیمینار اور واک کا انعقاد خواتین کے مثبت کردار کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ تقریب میں شعبہ ایجوکیشن کے فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے بھر پور طریقہ سے شرکت کی۔

 

334697721_545020807730221_2081033281157280545_n335046620_561499572711167_2537582369874109111_n

 

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.