About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

IUB organized a commemorative event to mark the 100th anniversary of Bang-e-Dara

پی ار او نمبر 177/24
مورخہ 25.05.2024
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور 
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کشمیر اینڈ نظریہ پاکستان سوسائٹی ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افئیرز کے زیر اہتمام علامہ اقبال کے پہلے اردو شعری مجموعہ "بانگِ درا" کی صد سالہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ، طلبا، افسران، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور علامہ اقبال کی اس بے مثل اور لازوال شعری میراث کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بانگِ درا نے ہماری ملی، ادبی اور سیاسی تاریخ کی ایک پوری صدی میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے احساسات و جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ اس مجموعے نے ایک غافل اور بے عمل قوم کو بیدار کرکے عمل کی طرف مائل کیا۔ عزم و ہمت کا یہ قافلہ جب یقین کی دولت سے مالا مال ہوکر جادہ پیما ہوا تو اسے پاکستان جیسی خوبصورت منزل نصیب ہوئی۔ اسی مجموعہ میں شامل کلام نے برصغیر کے مسلمانوں کو یکجا کیا اور انہیں یہ احساس دلایا کہ قومیں اوطان سے نہیں بلکہ نظریات سے بنتی ہیں۔ اقبال نے مغرب کے تصورِ قومیت کو رد کرتے ہوئے مسلمانوں کو قومِ رسولِ ہاشمی کے بنیادی عناصر سے روشناس کرایا۔ ڈاکٹر محمد رمضان طاہر ایڈوائزر کشمیر اینڈ نظریہ پاکستان سوسائٹی نے استقبالیہ کلمات ادا کیے جس میں انہوں نے علامہ اقبال کی شاعری کی مختلف جہات، ادوار اور ارتقا پر گفتگو کی اور تمام معزز مہمانوں کو اس صد سالہ تقریب میں خوش آمدید کہا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سید عامر سہیل ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈلینگویجز نے علامہ اقبال کے افکار پر کلیدی خطبہ دیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال آفاقی شاعر ہیں۔ انہیں مختلف حدوں میں قید کرنے کی بجائے، عالمی اور آفاقی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ تقریب کے مہمانِ اعزاز پروفیسر ڈاکٹر عبدالروف ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افئیرز نے اپنے خطاب میں طلباء کو افکار اقبال کی روشنی میں اپنی عملی کوششوں کو جاری رکھنے کی تلقین کی۔ صدرِ مجلس پروفیسر ڈاکٹر راؤ عمران حبیب ڈین فیکلٹی آف لاء نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ بانگِ درا کی شاعری میں زندگی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے فرد کے لیے پیغام موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان اقبال کے فلسفہ خودی کے مطابق اپنی زندگیوں کو نکھار کر ایک خودار اور باوقار قوم کی صورت میں دنیا میں اپنا لوہا منوائیں۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر سید محمد عدنان بخاری ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افئیرز نے اپنے تشکرانہ کلمات میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، نوجوانوں کو اقبال کے کلام سے مستفید ہونے کی تلقین کی، ایک کامیاب اور پروقار تقریب کے انعقاد پر کشمیر اینڈ نظریہ پاکستان سوسائٹی کے ایڈوائزری بورڈ اور کابینہ کو مبارکباد دی ۔


bang dara seminar 2bang dara seminar

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.