About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Publications

Quick Links

Vice Chancellor Prof. Dr. Muhammad Kamran graced Radio Pakistan Bahawalpur’s Golden Jubilee Celebration

پی آر او نمبر 291/25
مؤرخہ 01.08.2025
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور
بہاولپور (پ ر) ریڈیو پاکستان بہاولپور میں جشنِ آزادی 2025 کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران مہمانِ خصوصی تھے۔ انھوں نے "پاکستان اسٹوڈیو" اور "آزادی اسٹوڈیو" کا افتتاح کیا جبکہ قومی شجرکاری مہم کے تحت ریڈیو پاکستان بہاولپور کے سبزہ زار میں پودا لگا کر ماحول دوست پیغام دیا۔تقریب کے دوران انھوں نے ادارے کی فوٹو گیلری کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر سینئر براڈ کاسٹرز سے ان کی ملاقات ہوئی جن سے ماضی کی نشریاتی روایتوں، تحریکِ آزادی میں ریڈیو کے کردار اور جدید میڈیا چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں بھارتی میڈیا کی پروپیگنڈا مہم کو ہماری افواجِ پاکستان نے سیسہ پلائی دیوار بن کر ناکام بنایا۔ اس اہم محاذ پر ریڈیو پاکستان کا کردار قابلِ تحسین رہا جو ہر لمحہ عوام کی آواز بن کر سچائی کا پرچم بلند کرتا رہا۔ ریڈیو پاکستان بہاولپور کی پچاس سالہ نشریاتی خدمات ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں جنھیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ موجودہ اسٹیشن ڈائریکٹر، سجاد احمد بری اپنی متحرک شخصیت اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت اس ادارے کو نئی بلندیوں کی جانب گامزن کیے ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ہمیشہ ریڈیو پاکستان بہاولپور کے شانہ بشانہ رہی ہے اور آئندہ بھی اس علمی و فکری رفاقت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اسٹیشن ڈائریکٹر سجاد احمد بری نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور علم و ادب اور تہذیب وثقافت کے فروغ میں ریڈیو بہاولپور کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا آج یہ نشرگاہ براڈکاسٹنگ کے جدید تقاضوں سے ہم آھنگ ہے اور ہم اپنی شان دار روایات کا یہ تسلسل جاری رکھیں گے انھوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک کی ایک تاریخ ہے ہم ہر سال میڈیا اسٹڈیز کے طالب علموں کو اپنے ادارے میں انٹرن شپ کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ ہماری نشریات کا حصہ بنتے رہتے ہیں اور دونوں اداروں کا یہ باہمی اشتراک و تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انھوں نے وائس چانسلر کو یقین دلایا کہ ریڈیو پاکستان بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر یونیورسٹی کے ہم قدم ہوگا۔ سابق اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان بہاولپور اور ریٹائرڈ کنٹرولر پروگرامز ساجد حسن درانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اس ریڈیو اسٹیشن کے نصف صدی کے قصے کا چشم دید گواہ ہوں کہ اس ادارے سے میری نسبت کے بھی 50 برس ہی ہیں۔ اس ادارے نے اس خطے میں آرٹ کے فروغ کے لیے اپنی قومی ذمہ داریوں کو بحسن وخوبی ادا کیا اور آج یہ ادارہ اس خطے کی تہذیب وثقافت کی ایک روشن تاریخ ہے۔ سابق سربراہ شعبہ ابلاغیات اور ریڈیو پاکستان بہاولپور کے میزبان ڈاکٹر محمد شہزاد رانا نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان قوم کی آواز ہے جس نے قیام پاکستان سے لیکر آج تک ایک قابل اعتبار ذریعہ ابلاغ کی صورت اپنا پیشہ وارانہ وقار برقرار رکھا۔ انھوں نے کہا کہ اعلان آزادی کے اعزاز سے لیکر معرکہ حق کی فتوحات تک یہ ادارہ ہمیشہ قومی امنگوں اور یکجہتی کی آواز بنا۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان بہاولپور کی گولڈن جوبلی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے شہر کے لیے بھی ایک تاریخی لمحات ہیں اس شاندار ادارے کے نشریاتی سفر نے اس خطے کو بھی سربلند کیا۔ ریڈیو پاکستان بہاولپور کی یہ تقریبات جاری رہیں گی اور اس سال جشن آزادی "معرکہ حق" اس کی اہمیت ، کامیابیوں ، قومی یکجہتی اور پاکستانی افواج کی جانفشانی اور شجاعت کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جارہا ہے۔ ریڈیو پاکستان بہاولپور اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس موقع پر اپنے سامعین کے لیے خصوصی پروگرامز نشر کرے گا۔ یکم سے 13 اگست تک ریڈیو پاکستان بہاولپور سے نشر ہونے والے تمام قومی اور مقامی پروگراموں میں تحریک پاکستان، قومی اتحاد، آزادی کی قدر اور حب الوطنی کے جذبوں اور اقدار کو فروغ دیا جارہا ہے۔

 

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.