About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

IUB CMO Dr. Usman Cheema has said that various activities have been started in connection with the anti-dengue campaign

پی آراونمبر 349/22
 مورخہ 20.09.2022

ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور

اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پور میں انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں مختلف سرگرمیاں جاری ہیں۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ہدایت پر میڈیکل اینڈ ہیلتھ کیئر، اسٹیٹ کیئر، ہال کونسل، فارم مینجمنٹ اور فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ اینوائرمنٹل سائنسز اس حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عثمان چیمہ نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پور میں انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں مختلف سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی بخار کی ابتدائی علامات میں شدید بخار اور جسم میں درد ہوتا ہے جس کے باعث بھوک بھی نہیں لگتی، آنکھوں کے پیچھے درد شروع ہوتا ہے جو سر کے دوسری طرف پھیل جاتا ہے۔ جسم پر ایسے دھبے نمودار ہونے لگتے ہیں جو خسرے کی بیماری میں دکھائی دیتے ہیں۔ سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے اور رنگت پیلی ہونے کے علاوہ پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث مریض صدمے کی حالت میں چلا جاتا ہے۔ مریض کو نارمل خوراک کے ساتھ زیادہ مقدار میں جوس، سوپ اور دودھ دینا چاہیے اور مکمل آرام مہیا کرنا چاہیے۔ اس سلسلے میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ہفتے میں دو سے تین بار گھروں، دفاتر اور دکانوں میں صفائی کر کے مچھر مار ادویات کا سپرے کرنا چاہیے۔ ڈینگی مچھر کی افزائش صاف پانی میں ہوتی ہے اس لیے صاف پانی جمع کرنے کے برتنوں مثلاً گھڑے، ڈرم، ٹینکی وغیرہ کو مناسب طریقے سے ڈھانپ کر رکھنا چاہیے۔ آج کل روم کولر کے استعمال کا موسم ہے اس لیے جب بھی یہ استعمال میں نہ ہوں ان میں سے پانی نکال لینا چاہیے۔ مچھروں سے بچاؤ کے لیے کوائل، میٹ، لوشن اور مچھر دانی کا استعمال بھی کرنا چاہیے۔ گھروں کے اندر چھتوں، پودوں کی کیاریوں، گملوں، پرانے برتنوں اور ٹائروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔دریں اثناء تمام تدریسی اور انتظامی شعبہ جات، ہاسٹلز اور کالونیوں میں صفائی اور سپر ے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ برسات کے دوران تمام ایسی جگہوں پر جہاں پانی کھڑا ہو سکتا ہے بند کیا جا رہا ہے۔ پانی کے برتن اور واٹر ٹینک وغیرہ کو ڈھانپا جا رہا ہے۔ روم کولرز، ائیر کنڈیشنرز اور ریفریجریٹر سے نکلنے والے پانی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ صفائی کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کی صورت میں پانی کو اکٹھا نہ ہونے دیا جائے، چھتوں کی صفائی کی جائے اور کوڑے کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کیا جائے۔ واش رومز اور کچن میں لگے ہوئے ڈرین پائپوں سے پانی کے اخراج کو روکا جائے اور گملوں کو صاف ستھرا رکھا جائے۔ یونیورسٹی میں واقع مصنوعی جھیلوں میں ڈینگی لاوے کو کھانے والی مچھلیوں یا مناسب ادویات کے چھڑکاؤ، اینٹی ڈینگی سپرے اور فوگنگ کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ تعمیراتی سامان اور پرانے ٹائرز وغیرہ میں پانی اکھٹا نہ ہونے دیا جائے۔ اِسی طرح سیوریج سسٹم کو بھی فعال رکھا جا رہا ہے۔ ڈینگی مچھر کے افزئش کی تمام ممکنہ جگہوں کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے۔

 

 

dr cheema CMO

 

 

 

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.