About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Publications

Quick Links

IUB organizes webinar on the occasion of International Day Against Islamophobia 2026

پی آر او نمبر 95/26
مؤرخہ 15.03.2026
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور
شعبہ ادیانِ عالم و بین المذاہب ہم آہنگی، دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے زیرِ اہتمام اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر قومی یکجہتی و انسدادِ انتہاء پسندی (پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن تقریبات مارچ تا مئی 2026ء) کے سلسلے میں ایک قومی ویبینار منعقد کیا گیا۔ ویبینار کا موضوع "اسلاموفوبیا کا تاریخی پسِ منظر، معاصر مظاہر اور نوجوانوں کی ذمہ داریاں" تھا۔ ویبینار پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، وائس چانسلر دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کی زیر سرپرستی اور پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربک اسٹڈیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ڈاکٹر سجیلہ کوثر، چیئرپرسن شعبہ ادیانِ عالم وبین المذاہب ہم آہنگی وفوکل پرسن قومی یکجہتی وانسدادِ انتہاء پسندی (پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن تقریبات مارچ تا مئی 2026ء) نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تصورات کو علمی وفکری سطح پر چیلنج کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جامعات تحقیق، مکالمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے ذریعے معاشرے میں برداشت اور امن کے کلچر کو مضبوط بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو بالخصوص اس بات کی تلقین کی کہ وہ اسلام کی حقیقی تعلیمات یعنی امن، رواداری اور احترامِ انسانیت کو اپنے کردار اور عمل سے دنیا کے سامنے پیش کریں۔ مہمان مقرر حافظ محمد شارق نے موضوع پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اسلاموفوبیا کے تاریخی پس منظر، اس کے اسباب اور جدید دنیا میں اس کی مختلف صورتوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا، سیاسی بیانیوں اور عالمی طاقتوں کی بعض پالیسیوں نے اسلاموفوبیا کو فروغ دیا ہے، تاہم علمی مکالمہ، درست معلومات کی فراہمی اور مثبت سماجی کردار کے ذریعے اس رجحان کا مؤثر مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحقیق، شعور اور مثبت طرزِ عمل کے ذریعے اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں۔ اس کے بعد سوال و جواب کی ایک طویل نشست منعقد ہوئی جس میں طلبہ نے اپنے سولات اور تبصروں سے بھرپور شرکت کی۔ ویبینار کے اختتام پر ڈاکٹر عاطف اسلم راؤ اسسٹنٹ پروفیسر جامعہ کراچی نے کہا کہ اسلاموفوبیا کا مقابلہ صرف ردِعمل سے نہیں بلکہ علم، تحقیق اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ میں تنقیدی شعور، برداشت اور مثبت سماجی رویوں کو فروغ دیں تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور امن کو مضبوط بنایا جا سکے۔ ویبینار میں سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر طلحہ حسین نے سرانجام دیے۔ پروگرام میں سو کے لگ بھگ اساتذہ، محققین اور طلباء وطالبات نے شرکت کی۔

 

WhatsApp Image 2026-03-15 at 2.27.03 PM

© 2025 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.