About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Publications

Quick Links

Webinar on "Shaping Minds, Building Character: The Role of Teachers in Fostering Peace and Tolerance"

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں “تشکیلِ اذہان و تعمیرِ کردار: امن و رواداری میں اساتذہ کا کردار” کے عنوان سے بین الاقوامی ویبینار کا انعقاد

شعبہ ادیانِ عالم و بین المذاہب ہم آہنگی، دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے زیرِ اہتمام پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تقریبات (مارچ تا مئی 2026ء) کے سلسلے میں قومی یکجہتی و انسدادِ انتہاء پسندی کے عنوان سے ایک اہم علمی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا موضوع “تشکیلِ اذہان و تعمیرِ کردار: امن و رواداری میں اساتذہ کا کردار” تھا، جس میں ملکی و بین الاقوامی جامعات سے اساتذہ، محققین اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
یہ پروگرام پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، وائس چانسلر دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کی سرپرستی میں منعقد ہوا اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر سدرہ شعیب (لیکچرار شعبہ ادیان عالم و بین المذاہب ہم آہنگی) نے ادا کئیے۔ 
پروگرام کے آغاز میں ڈاکٹر سجیلہ کوثر، صدر شعبہ ادیانِ عالم و بین المذاہب ہم آہنگی و فوکل پرسن تقریبات نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے اساتذہ کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں شدت پسندی اور عدم برداشت جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اساتذہ کو نہ صرف علمی رہنمائی فراہم کرنی چاہیے بلکہ طلبہ کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جامعات امن، رواداری اور مثبت سماجی رویوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔
اس موقع پر مہمان مقررہ ڈاکٹر عائشہ قرۃ العین، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ مطالعہ ادیان، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد و سینئر ہمبولڈٹ ریسرچ فیلو فرائیبرگ ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانسڈ سٹڈیز جرمنی اپنے خطاب میں موضوع کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے معمار ہوتے ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ میں برداشت، مکالمہ اور تنوع کے احترام کا شعور پیدا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی ماحول میں مثبت اقدار کی ترویج کے ذریعے نہ صرف طلبہ کی شخصیات کو سنوارا جاسکتا ہے بلکہ ایک پرامن اور ہم آہنگ معاشرے کی بنیاد بھی رکھی جاسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ میں تنقیدی سوچ، اخلاقی ذمہ داری اور سماجی شعور کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اپنے کردار، طرزِ تدریس اور رویوں کے ذریعے طلبہ کے لیے عملی نمونہ بنیں۔
پروگرام کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربک اسٹڈیز نے اپنے خطبہ صدارت میں کہا کہ امن و رواداری کے فروغ میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے اگر کردار سازی اور مثبت اقدار کے فروغ پر توجہ دیں تو معاشرے میں انتہاء پسندی کے رجحانات کو مؤثر انداز میں کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کی علمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ایک معتدل، پرامن اور مہذب معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔
ویبینار میں ملکی و غیر ملکی جامعات کے کثیر اساتذہ و طلباء نے شرکت کی ۔ سیشن کے آخر میں سوالات و جوابات کا سیشن ہوا جس میں مہمان مقررہ نے  اساتذہ و طلباء کے سوالات کے جوابات دئیے۔ 
حاضرین نے ویبینار کو سراہتے ہوئے شعبہ سے یہ درخواست بھی کی کہ ایسے موضوعات پر مزید لیکچرز کا اہتمام کیا جانا چاہئیے۔

 

12345910121314151617

© 2025 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.