About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

WVC Engineer Prof. Dr. Athar Mahboob expressed about the current progress of IUB during an interview on Radio Pakistan

پی آر او نمبر250/23
مورخہ 12.06.2023
ڈائریکٹورٹ آف پبلک ریلیشنز،اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور 
انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نےکہا ہےجامعہ اسلامیہ خود کفالت کی منزل حاصل کر چکی ہے۔ اس وقت یونیورسٹی اپنے 90 فیصد اخراجات اپنے وسائل اور ذرائع سے پورے کر رہی ہے۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار ریڈیو پاکستان کے کنٹرولر نیوز پنجاب سجاد پرویزسے حالات حاضرہ کے پروگرام لاہور انسائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ موسم خزاں کی داخلہ مہم کے بعد اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور  میں طلباء وطالبات کی تعداد 75 ہزار ہو جائے گی یہ یونیورسٹی اب پاکستان کی طلباء کے لحاظ سے سب سے بڑی یونیورسٹی بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کے ثمرات سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے تمام ملازمین اور اساتذہ بھی مستفید ہوں گے ۔ یونیورسٹی میں بجٹ کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے رقم مختص کر لی گئی ہے۔ 1 سے 16 گریڈ تک کے ملازمین کوتنخواہوں میں 35 فیصد اور17 سے اوپر گریڈز میں 30 فیصد اضافہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا بجٹ معیار تعلیم ، بہترین ریسرچ اور ملازمین اور طلباء وطالبات کی فلاح وبہبود پر مرکوز ہو گا۔ وائس چانسلر نے وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ (پیف) کے اجراء کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں پیف کا اجرا ء کیا تھا اب یہ ویلفیئر سکیم وفاقی سطح پر بھی شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعات کے طلباء وطالبات بھی اس سکیم سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نئے کیمپسز بھی قائم کر رہی ہے جس میں خان پور کیمپس اور گورنر پنجاب کی ہدایت پر حاصل پور کیمپس کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وائس چانسلر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان اور دنیا کی بہترین جامعات کی طرز پر سمر سمسٹر کا آغاز کیا گیا ہے۔ سمر سمسٹر یونیورسٹی ایکٹ ، اکیڈمک و دیگر قواعد وضوابط کے مطابق ہے۔ اس سے یونیورسٹی میں افرادی قوت اور وسائل کا بہترین استعمال ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سمر سمسٹر کلاسز ائیر کنڈیشنڈ ہوں گی تاکہ اساتذہ اور طلباء وطلبات موسمی سختیوں سے محفوظ رہ سکیں ۔ سمر سمسٹر مکمل طور پر تدریسی سرگرمیوں پر مبنی ہوگا تاکہ طلباء وطالبات یکسو ہو کر تعلیم جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک طلباء وطالبات کا سمر سمسٹر کے لئے رجحان بہت زبردست ہے اور یہ سمسٹر اعلی معیار تعلیم اور تدریسی روایات میں بہترین باب کا اضافہ ثابت ہوگا۔

 

radio pak vc

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.