About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

9th International Seerat-ul-Nabi conference was organized by the Islamia University of Bahawalpur

پی آر او نمبر 23/81
مورخہ 23.02.2023
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور
سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں سعودی عرب، مصر، انڈونیشیا، سری لنکا اور برطانیہ سمیت پاکستان کے اطراف واکناف سے کثیر تعداد میں مندوبین، اسکالرز اور طلبا نے شرکت کی۔ کانفرنس کا افتتاحی سیشن خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم میں منعقد ہوا  جس کا آغاز سعودی عرب سے آئی ہوئی مہمان پروفیسر ڈاکٹر ھدایۃ اللہ الشاش نے تلاوت کلام  پاک سے کیا۔ ہدیہ نعت کی سعادت نوشابہ صدیق، سابق جرنل سیکرٹری قرات نعت سوسائٹی نے حاصل کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سیرت چیئر، ڈاکٹر سجیلہ کوثر نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور اندرون وبیرون ملک سے آئے ہوئے مہمانان اور طلبہ وطالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز متعدد ماحولیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ یہ انتہائی اہم ہے کہ ہم آپﷺ کے  بتائے ہوئے راستے کے مطابق چلیں۔ خدا نے انسان کو جو نعمتیں دی ہیں ان کا جائز استعمال ہی انسان کو فطرت کے ساتھ ہم آہنگ کر سکتا ہے۔  ڈاکٹر سید عزیز الرحمن، ڈائریکٹر ریجنل دعوہ سینٹر کراچی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد نے قرآن مجید اور سیرت نبویﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ واضح کیا کہ انسان کو اللہ نے دنیا پر اپنا خلیفہ اس لیے بنا کر بھیجا ہے کہ وہ اس کائنات کی حفاظت کرے تاہم وہ اس میں فساد کا موجب بن کر کفران نعمت کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اس موقع  پر مہمان خصوصی، اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب برائے خواتین، محترمہ شرمیلہ رسول نے کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے  ہوئے کہا کہ اگر ہم نے ماحول کو بچانے کی طرف توجہ نہ دی تو ہماری آنے والی نسلیں تباہی و بربادی کا شکار ہوں گی۔ اس سلسلے میں خواتین کو خصوصی طور پر سامنے آنا چاہیے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کا شدت سے اندازہ ہے، یہی وجہ ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور اپنی شجر کاری کی مہم کو تیز ترین کر رہی ہے اور چولستان اور دیگر خشک علاقہ جات کا معائنہ کر کے ماہرین ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر سجیلہ کوثر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سرہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کو ماحول دوست سرگرمیوں کا مرکز بنانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی۔ سعودی عرب سے آئے ہوئے مہمان اعزاز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق الاسود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت طیبہ تمام گوشہ ہائے زندگی میں جامع رہنمائی فراہم کرتی ہے اور انسانی مسائل کا بہترین حل ہے۔ اس کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر انہوں نے خصوصی طور پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور ڈائریکٹر سیرت چئیر ڈاکٹر سجیلہ کوثر کا شکریہ ادا کیا۔ ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن کا کہنا تھا کہ آپﷺ نے فطرت کے قریب رہ کر زندگی گزاری۔ ہمیں بھی اپنی زندگی کو آپ ﷺ کی حیات طیبہ کے مطابق بنانا ہو گا کیونکہ یہی وہ واحد راستہ ہے جو دین و دنیا میں ہماری کامیابی کا ذریعہ ہے۔ بعد ازاں تین متوازی سیشنز کا انعقاد ہوا۔ پہلا سیشن ''ماحولیاتی/ موسمیاتی تغیرات ادارتی ذمے داریاں'' کے عنوان پر تھا، جس کی صدارت محترمہ شرمیلہ رسول، پروفیسر ڈاکٹر افتخار حیدر ملک، پروفیسر امریطس باتھ سپا یونیورسٹی برطانیہ اور ڈاکٹر علی  طارق، شعبہ حدیث، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد نے کی۔ دوسرا سیشن ''ماحولیاتی/ موسمیاتی تغیرات اور عوامی ذمے داریاں وآگہی'' کے عنوان پر تھا، جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹرمحمد ادریس لودھی، سابق انچارج رحمۃ للعالمین چیئر، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے کی۔ تیسرا سیشن ''ماحولیاتی/ موسمیاتی تغیرات اور مملکت خداداد پاکستان '' کے عنوان پر تھا جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب، شعبہ علوم اسلامیہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے کی۔ تمام سیشنز میں ملکی وغیر ملکی محققین نے متعلقہ موضوعات پر اپنی تحقیق کو کمیٹیوں کے سامنے رکھا اور اس سلسلے میں تجاویز وسفارشات پیش کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی، چیئرمین شعبہ سیرت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد نے دعائیہ کلمات سے سیشن کا اختتام کیا۔



1-152-10

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.