About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

A one-day training workshop was organized by IUB in Abbasia Campus with the support of Aitedal Foundation Lodhran

پی آر او نمبر 524 /23
مورخہ 08.12.2023
ڈائریکٹورٹ آف پبلک ریلیشنز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور
سیرت چیئر دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور اور اعتدال فاؤنڈیشن لودھراں کے اشتراک سے ”ائمہ مساجد: درپیش مسائل اور ان کا حل“ کے عنوان پر غلام محمد گھوٹوی ہال عباسیہ کیمپس دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ جس میں محکمہ اوقاف بہاولپور کے ائمہ و خطباء سمیت تمام مکاتب فکر سے کثیر تعداد میں ائمہ و خطباء شامل ہوئے۔ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز نے تقریب کی صدارت کی جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد سعید شیخ ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ علوم اسلامیہ نے سر انجام دیے۔ پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شہر بھر سے تشریف لائے معزز ائمہ و خطباء کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیرت چیئر کا تعارف کروایا اور کہا کہ سیرت چیئر سوسائٹی کے اہم طبقات اور یونیورسٹی کے مابین رشتے کو مضبوط کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ سیرت چیئر نے یہ فیصلہ کیا کہ مختلف اہل علم سے استفادہ کی غرض سے ایسی مجالس کا انعقاد کروایا جائے، جس سے یونیورسٹی اور سوسائٹی کا آپس میں تعلیم وآگہی کے حوالے سیتعلق مضبوط ہو۔ انہوں نے اس ورکشاپ کے انعقاد میں اعتدال فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے بھر پور شکریہ بھی ادا کیا۔ ورکشاپ کے مقاصد بیان کرتے ہوئے یہ بات واضح کی کہ جس طرح سالوں پہلے اس تاریخی ہال میں اکابرینِ امت نے مل بیٹھ کر امت مسلمہ کی اصلاح کا بیڑا اٹھایا تھا، آج جب وہ اس دنیا میں نہیں ہیں تو یہ ذمہ داری ہمارے کندھوں پر عائد ہوتی ہے۔ ہمیں بھی چاہیے کہ ہم اسی طرح بلاتفریق مسلک و مکتب فکر متحد ہو کر منبر ومحراب سے اس بات کا اعلان کریں کہ ہم ایک امت ہیں۔ ہمیں حضور نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنانا ہوگا۔ کلیدی مقرر ٹرینر حضرت مولانا الشیخ جہانگیر محمود نے کہا کہ یہ میرے لیے سعادت کی بات ہے کہ مجھے آپ حضرات سے مخاطب ہونے کا موقع ملا۔ آپ نے ائمہ و خطبا کو یہ بات باور کروائی کہ آپ لوگ جس مقام پر ہیں آپ حضرات کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ نبی مہربان ﷺ کے اسوہ حسنہ کے مطابق ہی معاشرے میں اصلاح کا کام کریں کیونکہ آپ ﷺ نے ہمیشہ جو کچھ فرمایا وہ کرکے دکھایا اس لیے سب سے پہلے آپ کو بھی معاشرے میں اسوہ حسنہ کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال کر دکھانا ہوگا، درست بات کرنا ہوگی لوگوں کو درست بات کا درس دینا ہوگا، اسی طرح آپ نے یہ نصیحت کی کہ مسجد میں ہر مزاج کا فرد آتا ہے ہر ایک سنجیدہ پیشانی کے ساتھ ملیں تاکہ وہ لوگ آپ حضرات کے اخلاق سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔ لوگوں سے انکی سطح کے مطابق بات کریں تاکہ وہ حقیقی پیغام کو سمجھ سکیں، یہ نہ ہو کہ آپ ان پر اپنی علمیت کا رعب ڈالنے لگیں اور وہ کچھ سمجھے بغیر ہی آپ سے دور ہو جائیں۔ آخر میں شرکاء ورکشاپ کے لیے سوال وجواب کا سیشن ہوا جس سے تمام شرکا نے بھر پور استفادہ کیا۔ ورکشاپ کے اختتام پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے صدارتی کلمات بیان کرتے ہوئے منفرد اور مفید ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن ڈائریکٹر سیرت چیئر کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ ﷺ نے ہمیشہ عمل کے ذریعے سے ہی لوگوں کو بات سمجھائی۔ آپ نے سیرت طیبہﷺ سے مثال دے کر بتایا کہ آپ ﷺ کا اپنے صحابہ کرام سے عمل اس انداز سے ہوتا تھا، جو انہیں زندگی بھر ذہن نشین رہتا تھا۔ لہٰذا ہمیں بھی اس سے یہی سبق ملتا ہے کہ ہم لوگوں کے ساتھ اس اخلاق سے پیش آئیں کہ وہ ہمیشہ اسے اچھے تاثر کے ساتھ یاد رکھیں اور اپنی زندگیاں سنت نبوی ﷺ کے مطابق گزارنے پر آمادہ ہو جائیں۔ نیز آپ نے کلیدی مقرر ٹرینر مولانا الشیخ جہانگیر محمود کا پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلر دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کی جانب سے بھر پور شکریہ ادا کیا۔ شرکائے ورکشاپ نے اس بات کا اظہار کیا کہ ہم سیرت چیئر دی اسلامیہ یونیورسٹی کی طرف سے منعقد کردہ اس نوعیت کے پروگرامز اور تربیتی ورکشاپس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں گے۔


seminar aitdal foundation 1

seminar aitdal foundation 2

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.