About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

Department of Political Science and Center for Peace and Conflict Resolution, IUB organized a one-day seminar

پی ار او نمبر 93/23
مورخہ 06.03.2023
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز 
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور
شعبہ پولیٹکل سائنس اور سنٹر فار پیس اینڈ کنفلکٹ ریزولوشن دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار بعنوان '' جدت، جدیدیت اور مابعد از جدیدیت کا المیہ '' زیر صدارت چیئرمین شعبہ پولیٹکل سائنس اور ڈائریکٹر سنٹر فار پیس اینڈ کنفلکٹ ریزولوشن پروفیسر ڈاکٹر سید مصور حسین بخاری منعقد ہوا۔ جس میں کلیدی خطبہ تیسرے بہاولپور لٹریری اینڈ کلچرل فیسٹیول 2023 پر آئے پاکستان کے مشہور دانش ور، ادیب، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آف سنٹر آف پیس اینڈ سول سوسائٹی جامی چانڈیو نے پیش کیا، ان کے ساتھ مرتضیٰ سیال ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف سندھ یونیورسٹی آف سندھ جامشورو بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سرفراز بتول اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ پولیٹکل سائنس نے ادا کیے۔ اپنے موضوع کے اعتبار سے یہ بڑا اہم سیمینار تھا جس میں شعبہ پولیٹکل سائنس (پبلک ایڈمینسٹریشن، جینڈر سٹڈیز) کے فیکلٹی ممبران اور کثیر تعداد میں طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ جامی چانڈیو نے بڑے سادہ اور عام فہم انداز میں طلبا کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ جدیدیت دراصل تاریکی دور کے خلاف جہاد یا احتجاج تھی، پاپائیت اور جاگیرداریت کی صورت جیسی اتھارٹی کی سبھی صورتیں ما قبل جدید زمانے کے اجزائے ترکیبی تھیں جن کا مقابلہ عمل، سائنس اور فہم عامہ پر مبنی نئی سوچ کے ذریعے کیا گیا۔ انسان ترقی کی منازل طے کرتا چلا گیا مگر مابعد جدیدیت کے جو المیے ہیں اس میں ٹیکنالوجی نے بھی انسان کی اپنی ذات اور انسانی قدروں اور رشتوں پر بڑے گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ انسان نہ صرف دوسروں سے بیگانہ ہوا ہے بلکہ خود اپنی ذات سے بیگانہ ہو گیا ہے۔ ہماری خوشیوں اور غم میں مصنوعی پن آگیا ہے۔طلباء وطالبات کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مایوس نہیں ہیں انسان اشرف المخلوقات ہے اور خود ہی ان تمام المیوں کا حل نکال لے گا۔ آخر میں شعبہ پولیٹکل سائنس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سید مصور حسین بخاری نے مہمانوں کا تمام طلباء وطالبات اور فیکلٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کو بطور تحفہ شیلڈز اور سووینئر پیش کیے۔


PS seminar

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.