About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

In the blessed days of Ramadan, the closing ceremony of "Faham Quran Short Course" was organized by IUB.

پندرہ روزہ فہم قرآن شارٹ کورس کی اختتامی تقریب
دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور، خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم، بغداد الجدید کیمپس میں، رمضان المبارک کی با برکت ساعتوں کے دوران انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایات اور سرپرستی میں قرآن سٹوڈنٹس کلب، شعبہ قرآنک سٹڈیز کے زیر انتظام ’’فہم قرآن شارٹ کورس‘‘ کی اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا۔ شارٹ کورس کے آرگنائزر اور معلم ڈاکٹر ضیاء الرحمن: چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف قرانک سٹڈیز تھے۔ تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل اینڈ کیمیکل سائنسز آئی یو بی نے کی۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک سٹڈیز آئی یو بی تھے۔  مہمانان اعزاز اور مقررین  میں ذوالفقار علی مان صدر چیمبر آف کامرس بہاولپور، سید عمر فاروق ڈائریکٹر پیغام قرآن انسٹی ٹیوٹ بہاولپور اور  نصیر احمد ناصر: سابق صدر پریس کلب بہاولپور تھے۔ دیگر مہمانان گرامی میں ڈاکٹر سجیلہ کوثرڈائریکٹر سیرت چیئر آئی یو بی، فیکلٹی آف اسلامک لرننگ کے معزز اساتذہ، میڈیا نمائندگان اور عمائدین شہر شامل تھے۔ تقریب میں شارٹ کورس میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ نظامت کے فرائض قرآن سٹوڈنٹس کلب کے احمد رضا نے سرانجام دیئے۔ 
خطبہ استقبالیہ میں ڈاکٹر ضیا ء الرحمن: چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف قرآنک سٹڈیز نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ڈیڑھ سال قبل وجود میں آنے والے ڈیپارٹمنٹ آف قرآنک سٹڈیز نے نہایت اہم اقدامات کیے ہیں جو نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے خطے پر اثر انداز ہوں گے۔ پہلی ہی بورڈ آف سٹڈیز میں ڈیپارٹمنٹ کے ریسرچ جنرل کی منظوری دی گئی جو شائع ہوچکا ہے اور بہت جلد ایچ ای سی کی کیٹگری میں منظور ہوجائے گا۔ طلباء و طالبات کے لئے سالانہ میگزین کا اجراء کیا گیا ہے۔ بی ایس کے پانچ، ایم فل کے چار اور پی ایچ ڈی کے تین سیشن کے طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ فہم قرآن شارٹ کورس میں یونیورسٹی کے 650 طلباء و طالبات نے رجسٹریشن کرائی۔ اتنی بڑی تعداد میں رجسٹریشن ہونے کی وجہ سے عزت مآب وائس چانسلر کی ہدایت پر کلاسز کے لئے خواجہ غلام فرید آڈیٹوریم کا انتخاب کیا گیا۔ فہم قرآن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے میں صرف دو حوالہ جات دوں گا۔ ایک تو علامہ اقبال نے امت کے زوال کا سبب قرآن سے دور ہونا بتایا۔ اقبالؒ فرماتے ہیں!


خواراز مہجوری قرآن شدی    شکوہ سنج گردش دوراں شدی
اے چو شبنم بر زمین افتندہ     در بغل داری کتاب زندہ

 
اے مسلماں تیری ذلت اور رسوائی کا اصل سبب یہ ہے کہ تو قرآن سے دور اور بے تعلق ہوگیا ہے لیکن الزام زمانہ کے خراب حالات کو دیتا ہے۔ اے وہ قوم کہ جو شبنم کی طرح زمین پر بکھری ہے، اٹھ کہ تیری بغل میں ایک زندہ کتاب موجود ہے (جس کا فہم حاصل کرکے عروج حاصل کیا جاسکتا ہے)۔ میں دوسری مثال شیخ الہند کی دوں گا کہ جب وہ طویل اسیری کا زمانہ گزار کر آئے اور ایک بڑے جلسہ میں خطاب کیا تو فرمایا کہ طویل غور و فکر کے بعد میں اس نتیجہ پر پہنچا ہوں کہ مسلمانوں کے زوال اور زبوں حالی کے دو اسباب ہیں۔ ایک قرآن سے دوری اور دوسری تفرقہ بازی، حقیقت کی نظر سے دیکھا جائے تو تفرقہ بازی بھی قرآن سے دوری کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ 
    ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک سٹڈیز: پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے کہا کہ مجھ سے پہلے مقررین نے کہا کہ فہم قرآن کے حوالہ سے اس تقریب کو اختتامی تقریب نہ سمجھا جائے بلکہ اسے آغاز بنالیاجائے تو اس حوالہ سے عرض ہے کہ ختم قرآن کی تقریب دراصل ایک اچھے اور روشن مستقبل کا آغاز ہی ہوتی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ ہم اس سلسلہ کو جاری رکھیں گے۔ عزت مآب وائس چانسلر کی خصوصی دلچسپی سے آئی یو بی کے بی ایس کے تمام طلباء وطالبات کے لئے ترجمہ قرآن کورس مرتب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ضیاء الرحمن کی سربراہی میں آئی یو بی کا ڈیپارٹمنٹ آف قرآنک سٹڈیز بھی بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے اور میں تہہ دل سے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ طلباء و طالبات سے کہنا چاہوں گا کہ اس کائنات کے خالق و مالک کا پیغام ہمارے گھروں میں موجود ہو، موبائل ایپس پر ہو، انٹرنیٹ پر ہو لیکن ہم اسے پڑھنے کے باوجود سمجھ ہی نہ سکیں تو اس سے بڑی بدنصیبی نہیں ہوسکتی۔ دنیا کی باقی چیزیں دنیا میں ہی پڑی رہ جائیں گی لیکن قرآن قبر اور آخرت کا ساتھی ہے جو قبر کی وحشت اور اجنبیت کو ختم کرے گا۔ اس لئے قرآن کریم سے تعلق مضبوط کریں۔ 
صدارتی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کہا کہ میں طلباء و طالبا ت کو کہنا چاہوں گی کہ فہم قرآن حاصل کرنا اور قرآن کریم کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہرایک کے لئے ضروری ہے۔ میں نے خود اس پندرہ روزہ شارٹ کورس میں شرکت کی ہے اور ڈاکٹر ضیاء الرحمن کی شاگردی اختیار کی ہے۔  بلاشبہ قرآن کریم ایک زندہ کتاب ہے جو ہر زمانہ کے لئے معجزہ ہے۔

 

WhatsApp Image 2023-04-13 at 6.32.56 PMWhatsApp Image 2023-04-13 at 6.32.55 PM (2)


 

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.