About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

IUB organized a seminar titled “Media Studies Students and its Modern Age Requirements”

پی آر او نمبر: 23/139
مورخہ 30/3/23
ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشن اینڈ پبلک ریلیشنز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور 
دور حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے میڈیا سٹڈیز کے طلبہ وطالبات پر بھاری ذمہ داریاں عاید ہوتی ہیں کیونکہ مستقبل قریب میں ان ہی کو اعصاب شکن حالات سے نبرد آزما ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا نے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کا موضوع تھا ''میڈیا سٹڈیز کے طلبہ وطالبات اور جدید دور کے تقاضے''۔  ڈاکٹر محمد شہزاد نے کہا کہ ہمارے طلبہ وطالبات بہت باشعور اور حیرت انگیز صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ وہ قوم کو درپیش مسائل پر بہت حساس ہیں۔ وہ ناخن تدبیر سے گتھیوں کو سلجھانے کا ہنر جانتے ہیں اس لیے ہم ان سے بہت سی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ مہمان مقررین میں معروف براڈکاسٹر پروفیسر شازیہ نصیب سومرو، پروفیسر نازلین تحسین اور پروفیسر قدرت اللہ شہزاد شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ذرائع ابلاغ کے رویوں میں نت نئی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں جس سے اقدار بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ آج سوشل میڈیا طاقت ور ترین ذریعہ ابلاغ ہے۔ یہ انسانی رویوں اور مزاجوں پر براہِ راست اثرانداز ہوا ہے۔ اس کی طاقت اتنی ہے کہ ہنر عیوب میں اور عیوب ہنر میں متصور ہو رہے ہیں۔ ہیرو زیرو بن رہے ہیں اور زیرو ہیرو کے روپ میں سامنے آ رہی ہیں۔ جس کے ہاتھ میں اس کا چابک ہے وہی سمت کا تعین کر رہا ہی اورآئندہ اس کی رفتار تیز تر ہوگی۔ مقررین نے کہا کہ نوجوانوں کو یہ بات پیش نظر رکھنی ہوگی کہ اس طوفان میں ان کی روشن قدریں پامال نہ ہوں۔ اس کے لیے انہیں محنت شاقہ، فنون پر دسترس اور نہایت ہوش مندی کی ضرورت ہو گی۔ مقررین نے یہ بھی کہا کہ اس وقت سب سے اہم کردار اساتذہ کا ہے وہ اپنے شاگردوں کی جس انداز میں رہ نمائی کریں گے وہی ان کی راہ کا تعین کرے گی۔ سیمینار میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 

shahzed rana

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.