About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

ماہ ربیع الاول کے بابرکت آغاز پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں عشرہ شان رحمت الاالعالمین ﷺ منایا جائے گا

پی آراو نمبر: 361 /22
مورخہ: 28.09.2022

پبلک ریلیشنز آفس، دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور

بہاول پور(پ ر) ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی ہدایت پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں عشرہ شان رحمت الاالعالمین منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں انٹر فیکلٹیز مقابلہئ قرأت و نعت خوانی اور خصوصی سیمینارز خاص طورپر قابلِ ذکر ہیں۔ ماہ ربیع الاول کے بابرکت آغاز پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کے نام اپنے پیغا م میں کہا ہے کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ شروع ہوتے ہی پوری دنیا کے مسلمان جوش و خروش سے آقائے دو جہاں سرور کون و مکاں ﷺ کی ولادت با سعادت کی خوشی میں پورے عالم اسلام میں درودوسلام کی خصوصی محافل منعقد کرتے ہیں اور میلاد النبیؐ کی خوشی مناتے ہیں۔ تاریخ بتاتی ہے کہ چھٹی صدی عیسوی میں اہلِ عالم کی اخلاقی، روحانی اور سیاسی حالت انتہا درجے کی پستی تک پہنچ چکی تھی اور ہر طرف ظلم وجور، شرک، جہالت، منافقت اور سرکشی کا دور دورہ تھا۔ تمام انبیائے سابقین علیہم السلام کی تعلیمات کفر کے دبیز پردوں میں چھپ چکی تھیں۔ ایسے حالات میں رب العالمین نے وادی بطحیٰ اور تمام عالم کے اندھیروں کو نور، علم و ہدایت اور وجدان و عرفان میں بدلنے کے لیے اس سراج منیر ﷺ کو طلوع کردیا جس نے پوری دنیا کو منور کردیا۔ حضور سرور کائناتﷺ دوسرے انبیاء کی طرح خاص زبانوں، خاص مقامات اور خاص قوموں کے لیے مبعوث نہیں کیے گئے بلکہ آپ ﷺ ہر زمانے اور ہر مقام کے لیے بلکہ تمام جہانوں اور مخلوقات کے لیے بھیجے گئے۔ نبی اکرم ﷺ آخری نبیؐ ہیں اور آپ ؐکے بعد اللہ سبحانہ تعالی نے نبوت کا سلسلہ ختم کردیا۔ اس لیے یہ بات ثابت ہوگئی کہ رہتی دنیا تک آپ ﷺ کا پیغام یعنی قرآن مجید اور شریعت باقی رہے گی۔ ہر مسلمان معلم اور متعلم کے لیے حضور نبی اکرم ﷺ کی پسندیدہ دعا ”رب زدنی علما“ یعنی اے رب میرے علم میں اضافہ فرما۔ اس دعا سے ہر مسلمان کو یہ درس ملتا ہے کہ حصول علم کی اسلام میں کس قدر اہمیت ہے۔ متعدد احادیث نبوی ﷺموجود ہیں جن میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے مردوزن دونوں کو تاکید کی گئی ہے۔ آج امت مسلمہ صرف اس صورت میں ترقی کرسکتی ہے جب تعلیم کو اولین ترجیحات میں شامل کرلیا جائے اور دینی علوم کے ساتھ ساتھ معاشرتی اور سائنسی علوم پر بھی بھر پور توجہ دی جائے۔ جیسا کہ اسلامی عروج کے دور میں مسلمان تمام علوم وفنون میں طاق اور دنیا پر حکمران تھے۔ وطن عزیز پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راز تعلیم میں ہی پنہاں ہے۔ جامعہ اسلامیہ جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی تاریخی درسگاہ ہے جو جامعہ الازہر کے ماڈل پر قائم کی گئی۔ فیکلٹی آف اسلامک لرننگ میں قائم سیرت چیئر، سیرت طیبہ پر انتہائی فعال انداز میں تحقیق و تالیف کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں سات بین الاقوامی کانفرنسز بھی منعقد کرائی جاچکی ہیں۔ آج دنیائے اسلام کوچاہیے کہ حضوراکرم ﷺ کے یوم ولادت پر اس عہد کی تجدید کرے کہ ہم اس راہ پر چل کر حضوراکرم ﷺ کی سنت کو زندہ جاوید بنائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں تو فیق عطافرمائے کہ ہم اللہ اور اس کے رسول ﷺکی مرضی کے مطابق زندگی گزاریں اور اسلام اور قرآن کی تعلیمات اپنا کردنیا وآخرت میں سرخروہوں۔

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.