About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Publications

Quick Links

On December 9, 2025, IUB will host the first International Harmony Summit of 2025.

پی آر او نمبر 481/25
مؤرخہ 08.12.2025
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، جو اپنی ایک صدی پر محیط شاندار علمی روایت اور تہذیبی میراث کے ساتھ پاکستان کے تعلیمی نقشے پر ایک نمایاں مقام رکھتی ہے، رواں برس ایک ایسے عالمی ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہی ہے، جسے مذہبی ہم آہنگی، عالمی مکالمے اور بین الثقافتی تعلقات کے فروغ کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ شعبہ ادیانِ عالم و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام پہلا بین الاقوامی ہارمنی سمٹ 2025ء 9 اور 10 دسمبر کو منعقد ہورہا ہے، جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا سب سے جامع اور وسیع عالمی اجتماع ہوگا۔ یہ سمٹ ایسے وقت میں منعقد ہورہا ہے جب دنیا مذہبی انتہاپسندی، عالمی تنازعات، ثقافتی تقسیم اور انسانی بحرانوں جیسے سنگین چیلنجوں کا سامنا کررہی ہے۔ فلسطین، کشمیر، میانمار، شام، یوکرین اور متعدد خطے عالمی امن کے تقاضوں کو نئے سرے سے اجاگر کررہے ہیں۔ ایسے حالات میں بہاولپور سے بین المذاہب مکالمے کی آواز بلند ہونا نہ صرف قومی سطح پر ایک مثبت پیغام ہے، بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی پاکستان کی امن دوستی، فکری بالیدگی اور علمی قیادت کا ثبوت ہے۔ دو روزہ سمٹ میں امریکہ، ترکیہ، مصر، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، ملائیشیا، آذربائیجان اور کوریا سمیت دس سے زائد ممالک کے مندوبین شریک ہوں گے، جن میں مختلف مذاہب کے نمائندے، ممتاز اسکالرز، پالیسی ماہرین، دانشور، نوجوان لیڈرز اور سول سوسائٹی کے رہنما شامل ہیں۔ اس عالمی شرکت نے اس سمٹ کو پاکستان کے تعلیمی شعبے میں سال کا سب سے بڑا اور سب سے اہم بین الاقوامی علمی اجتماع بنا دیا ہے۔ سمٹ کے مرکزی حصے کے طور پر عالمی مذاہب اور بین المذاہب ہم آہنگی پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں “تنازعات کے حل میں مذہب کا کردار: عالمی بین المذاہب منظرنامہ” پر تحقیقات پیش کیں جائیں گیں۔ یہ کانفرنس نہ صرف پاکستان کے علمی وقار میں اضافہ کرے گی بلکہ بین الاقوامی تحقیقی، مذہبی اور فکری حلقوں کو پاکستان کے امن بیانیے سے روشناس بھی کروائے گی۔ اس سمٹ کی سرگرمیاں علمی و فکری عمل کو عملی، ثقافتی اور سماجی سطح تک پھیلاتی ہیں۔ پینل ڈسکشن میں مذہبی ہم آہنگی کے عملی چیلنجوں پر مکالمہ ہوگا، تربیتی ورکشاپ نوجوانوں اور سماجی کارکنوں کی پیشہ ورانہ تربیت کرے گی، یوتھ ڈائیلاگ سرکل میں نوجوان نسل کو عالمی امن کے مباحث میں شامل کیا جائے گا، جبکہ خطاطی و پوسٹر نمائش، ثقافتی شام، ہم آہنگی مشاعر، مذہبی دستاویزی ڈاکومنٹری اور امن واک اس سمٹ کو ایک ہمہ گیر، بین الثقافتی اور عوامی سطح پر اثر انگیز ایونٹ میں تبدیل کر دیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ علمی کتب کی رونمائی اور مذاہب سے متعلقہ کتب کا بک فیئر بھی سمٹ کی علمی شناخت کو مزید مضبوط بنائے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے ڈاکٹر سجیلہ کوثر، چیئرپرسن شعبہ ادیان عالم وبین المذاہب ہم آہنگی کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عالمی اجتماع کو پاکستان کے علمی ورثے، تہذیبی تنوع اور بین الاقوامی کردار کے احیاء کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ سمٹ یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات کا نمایاں عنوان ہے، جو نہ صرف علمی مکالمے کو فروغ دے گا بلکہ دنیا کے سامنے پاکستان کی وہ شبیہ پیش کرے گا جو امن، احترام، رواداری اور باہمی تعاون کی بنیاد پر استوار ہے۔سمٹ کا افتتاحی اجلاس 9 دسمبر کی صبح 9 بجے منعقد ہوگا، جبکہ اختتامی اجلاس 10 دسمبر ساڑھے گیارہ بجے منعقد ہوگا۔ ملک و بیرونِ ملک سے آنے والے معزز مہمانوں کی شرکت اس ایونٹ کو پاکستان کی علمی و بین الاقوامی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل بنادے گی۔

 

597901475_1269257881909153_3227809446244187853_n

© 2025 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.