About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

One-day Istaqbal Ramzan seminar was organized by the Islamia University of Bahawalpur

پی آر او نمبر: 23/119
مورخہ 21/3/23
ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشن اینڈ پبلک ریلیشنز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور 
سیرت چیئر، دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور کے زیر اہتمام ایک روزہ استقبالِ رمضان سیمینار کا انعقاد ہوا۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایت پر منعقد ہونے والے اس سیمینار میں مقررین نے اساتذہ اور طلباء وطالبات کو فلسفہ رمضان اور ہماری ذمہ داریاں، سیرت طبیہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سے روشنی میں تفصیلی آگاہ کیا۔ معروف مذہبی رہنما وسابق وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی علامہ سید حامد سعید کاظمی نے فلسفہ رمضان اور ہماری ذمہ داریوں کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا عبادت اپنی مرضی سے کرنے کا نام نہیں ہے، ہر وہ کام جو اللہ کی منشا اور مرضی کے مطابق ہووہ عبادت ہے، خواہ اس کام کا تعلق براہِ راست عبادات سے ہو، جیسے نماز، روزہ، یا براہِ راست عبادات سے تو نہ لیکن وہ کام بھی عبادت بن جاتا ہے جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی منشا و مرضی کے مطابق ہو، جیسے تجارت اور دیگر مالی معاملات۔ اسلام میں دین ودنیا کے الگ ہونے کا تصور نہیں ہے۔ تمام دنیاوی کام بھی عبادت ہیں اگر وہ شریعت کے مطابق ہوں۔ انھوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اللہ توبہ کو اتنا پسند کرتا ہے جیسے صحرا میں کسی شخص کا اونٹ گم ہوگیا ہو اور اس کی موت یقینی ہو اور پھر اسے وہ اونٹ مل جائے، اس شخص کو جتنا اپنے اونٹ ملنے کی خوشی ہوتی ہے، اس خوشی سے کہیں زیادہ اللہ کو خوشی ہوتی ہے جب بندہ اپنے گناہوں سے سچے دل سے توبہ کرتا ہے۔ نوجوانو! اول تو گناہ سے بچیں، لیکن اگر گناہ سرزد بھی ہوگیا ہو تو فوراً اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہ کی معافی مانگیں۔ اپنے عبادات کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق کریں، تبھی عبادتیں قبول ہوں گی۔ سید حامد سعید کاظمی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں فیکلٹی آف اسلامک لرننگ کے زیر اہتمام دینی تعلیمات کی نشر و اشاعت اور سیرت چیئر کو فعال بنانے پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کو خراج تحسین پیش کیا۔ بی ایس لیول پر تفہیم القرآن کورسز کے اجراء پر اظہار مسرت کیا۔ پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے اپنے  خطاب میں کہا کہ رمضان وہ مقدس مہینہ  ہے جس کا انتظار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رجب کے مہینے سے کرنا شروع کردیتے تھے۔ یہ صبر اور غم خواری کا مہینہ ہے۔ اس مہینہ میں اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں بھوکا پیاسا رکھ کر اس بات کی طرف توجہ دلاتا ہے کہ معاشرے کے غریب طبقے کی بھوک پیاس کا احساس کرتے ہوئے ان کی مالی مدد کریں۔ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن، ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کو اِس انداز سے ترتیب دیں کہ کم کھائیں، کم سوئیں اور زیادہ سے زیادہ عبادت کریں۔ اپنی راتوں کو تراویح اور تہجد سے آراستہ کریں اور دنوں کو تلاوتِ قرآن سے مزین کریں۔  سیمینار میں ملک  اللہ بخش کلیار، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے خطاب میں کہا، رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن مجید نازل ہوا۔ قرآن اور رمضان کا گہرا تعلق ہے۔ یہ قرآن مجید مسلمانوں کا دستورِ حیات ہے۔ نوجوان نسل کو خصوصی طور اور عام مسلمانوں کو عمومی طور پر کہوں گا کہ رمضان میں تلاوت کے ساتھ ساتھ عمل کی نیت سے اس کو سمجھ کرپڑھیں اور اپنی زندگیوں کو قرآن مجید کے مطابق بنائیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر سجیلہ کوثر، ڈائریکٹر سیرت چئیر دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاول پور نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز میں اور رمضان المبارک میں بھی طلبا وطالبات کی روحانی تربیت کے لیے اس قسم کے سمینارز کا انعقاد کرتی رہتی ہے اور یہ سیمینار بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک برکتوں اور سعادتوں کا مہینہ ہے اور اللہ کا خاص انعام ہے۔ ہمیں اپنے اوقات کی ایسی تنظیم کرنی چاہیے کہ رمضان المبارک سے  زیادہ سے زیادہ دینی وروحانی فائدہ اٹھائیں۔ سیمینار کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر شبانہ نذر، ڈپٹی ڈائریکٹر سیرت چئیر نے انجام دئیے۔  ڈاکٹر عبدالغفار، صدرِ شعبہ فقہ اینڈ شریعہ، ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن صدر شعبہ قرآن وتفسیر، ڈاکٹر محمد عمران، صدر شعبہ علوم اسلامیہ، ڈاکٹر محمد سعید شیخ ایڈوائزر آئی یو بی قرات ونعت سوسائٹی، طارق محمود شیخ، ایڈیشنل ٹریثرر، فاطمہ مظاہر ڈپٹی راجسٹرار، شہر کی علمی وادبی شخصیات، فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عرابک سٹیڈیز کے فیکلٹی ممبران  اور طلبا وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر نویں بین الاقوامی سیرت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو سیرت چئیر کی طرف سے تعریفی اسناد اور شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔


ist ramzan 2

istaqbal ramzan 1

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.