About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

Vice Chancellor Engr. Prof. Dr. Athar Mahboob participated in National Dialogue on Agricultural Research at Islamabad

پی ار او نمبر 189
مؤرخہ 05.05.2023
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور 
انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے گزشتہ روز نیشنل ایگریکلچر ریسرچ کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقد ہونے والے قومی مکالمہ برائے زرعی تحقیق میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ اس ڈائلاگ کا مقصد پاکستان کے زرعی پوٹینشل کو بڑھانا ہے تاکہ ملک کی معیشت کو فروغ حاصل ہو۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اجلاس میں فوڈ اور نیوٹریشنل سیکورٹی و مستقبل کے رحجانات پر ماہرین نے اظہار خیال کیا۔ اپنے خطاب میں انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا کہ ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کا دارو مدار زراعت کے شعبے کی جدت اور ترقی وتوسیع اور فوڈ سیکورٹی کے حصول پر ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں تحقیقی سرگرمیوں کی بنیاد قومی ترقی اور ترجیحات ہیں تاکہ جامعہ اسلامیہ ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں 250 سے زائد سائنسدان زراعت، ویٹرنری ولائیو سٹاک، چولستان ڈیزرٹ سٹڈیز اور دیگر متعلقہ شعبہ جات میں تحقیق میں مصروف عمل ہیں۔ چینی جامعات کے تعاون سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور مختلف فصلوں کی انٹرکراپنگ پر عمل کر رہی ہے۔ ان میں مکئی اور سویا بین کی مخلوط کاشت بہت اہمیت کی حامل ہے۔ اس سے وطن عزیز نہ صرف خوردنی تیل اور پولٹری فیڈ کی پیداوار میں خود کفیل ہو سکتا ہے بلکہ اس ضمن میں خرچ ہونے والے قیمتی زرِ مبادلہ کی بھی بچت ہوسکتی ہے۔ دوسرا منصوبہ چولستان کے6.7 ملین ایکڑ رقبے کو بارش میں اضافے کے نظام کے ذریعے قابل کاشت بنانا ہے جس سے یہ علاقہ ملک کی فوڈ باسکٹ بن سکتا ہے اور ملکی معیشت میں 10 ارب ڈالر کے اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ ابتدائی طور پر ملکی اور غیر ملکی تعاون سے 6.5 ملین ڈالر کے پائلٹ پراجیکٹ پر قلعہ دیراوڑ  کے نزدیک عمل درآمد ہو رہا ہے۔ اس پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی سے چولستان کی بنجر اور غیر آباد زمین کو زرخیز اور قابل کاشت بنایا جا سکتا ہے۔ اِسی طرح  اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی کپاس کی ورائٹیز پنجاب کے 40 فیصد رقبے پر کاشت ہو رہی ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کپاس کی مارکیٹنگ اور فروخت کے حقوق نجی اِداروں کو دئیے ہیں جس سے یونیورسٹی کو فورتھ جنریشن یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہوا ہے۔ یونیورسٹی کے سائنسدان زیادہ غذائیت کے حامل چاول اور گندم کی اقسام پر بھی تحقیق کر رہے ہیں۔ اِسی طرح مشروم، کٹ فلاور فروٹ اور ویجیٹیبل اورکثیر کاشت پھلوں کے باغات پر بھی کام ہو رہا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزرٹ سٹڈیز  چولستان کے مقامی نباتات اور حیوانات کے تحفظ اور بقا کے لئے کام کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے قلعہ دیراوڑ  کے قریب 85 ایکڑ رقبے پر خصوصی بائیو ڈائیورسٹی پارک بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت رانا تنویرحسین اور چیئر مین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں زرعی شعبے میں غیر معمولی تحقیقی سرگرمیوں پر وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی زرعی تحقیق تمام جامعات کے لئے مثالی نوعیت کی حامل ہے۔ اس موقع پر چیئر مین شعبہ پلانٹ پتھالوجی پروفیسر ڈاکٹر نوید اسلم ملغانی بھی وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے وائس چانسلر کو توصیفی شیلد بھی پیش کی۔


agr conf isl

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.