About

Administration

Academics

Admissions

Campuses

Campus Life

Quick Links

Worthy Vice Chancellor Addresses to Newly Appointed Teaching Heads

پی آر او نمبر194/20، مورخہ 20-8-2020
پبلک ریلیشنز آفس، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور


انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ جامعہ اسلامیہ ملک کی نظریاتی اساس کی امین ہے۔ یہ تاریخی دانش گاہ قریباً 100برس قبل علم وادب کے مرکز جامعہ الازہر کے طرز پر قائم کی گئی۔ آج جامعہ اسلامیہ وطن عزیز کی ایک بڑی یونیورسٹی بن چکی ہے اور سماجی اور معاشی ترقی میں نمایاں کردارا دا کر رہی ہے۔وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار نئے تعینات ہونے والے تدریسی شعبہ جات کے سربراہوں کے لیے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی جانب سے منعقد کی گئی تربیتی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جامعہ کو عالمی سطح کی یونیورسٹی بنانے کے لیے کثیر الجہتی ترقیاتی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور اس پر عمل درآمد کا آغاز ہو گیا ہے۔ گزشتہ سال جامعہ میں 13ہزار طلباء اور 500اساتذہ موجود تھے اور یونیورسٹی اپنے حجم اور وسائل کا بہت کم حصہ استعمال کر رہی تھی۔ صرف ایک سال کے اقدامات کی بدولت آئندہ تعلیم سیشن سے طلباء وطالبات کی تعداد 35ہزار اور فیکلٹی بڑھ کر 800سے زائد ہو جائے گی۔ یونیورسٹی کا حالیہ بجٹ 5.4ارب روپے سے زائد مالیت کا ہو چکا ہے جس میں ہر سال غیر معمولی اضافہ ہوگا۔ فیکلٹی اور طلباء وطالبات کی تعداد میں اضافے سے عالمی رینکنگ کے لیے اساتذہ اور طلباء کا تناسب بہتر ہوگا اور ملکی اور بین الاقوامی درجہ بندی میں یونیورسٹی بہتر کارکردگی کی حامل قرار پائے گی۔ فیکلٹیوں اور شعبہ جات کی تعدادمیں دو گنا اضافے سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور معاشی اور اقتصادی ترقی کی دوڑ میں نئے اور جدید علوم متعارف کرانے کے قابل ہو گئی ہے جس کے باعث ہمارے طلباء وطالبات مارکیٹ میں روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں گے اور انٹر پرینورشپ کو بھی فروغ دیں گے۔ انتظامی شعبے میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں اور ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت انتظامی اور مالیاتی امور میں تیزی اور شفافیت آئے گی۔ حکومت پنجاب کے تعاون سے جلد ہی شمسی توانائی کا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ اِسی طرح بائیو ماسیوریج کا پراجیکٹ بھی شروع ہونے کو ہے۔ چار بڑے تدریسی بلاک پر تعمیراتی کام کا آغاز ہونے کو ہے اور موجودہ عمارات کی تزئین وآرائش کا کام بھی جاری ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اپنے معیار اور جدت کی بدولت ایک مثالی اور نامور جامعہ کے طور پر متعارف ہو گی۔ انہوں نے تدریسی شعبہ جات کے سربراہان سے کہا کہ یونیورسٹی کی ترقی کے اس عمل میں بھرپور کردار ادا کریں جو اس مادرِ علمی کے ساتھ ساتھ قومی خدمت بھی ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنس اور پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار ڈائریکٹر کیو ای سی کے ہمراہ ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔

Training Session Concludes-min

© 2023 The Islamia University of Bahawalpur iub.edu.pk.